حکومت کا ہائی اسپیڈ ٹرین اور 5 ہزار الیکٹرک بسوں کا منصوبہ

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہائی اسپیڈ ٹرین اور 5 ہزار الیکٹرک بسوں کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

لاہور میں امریکی قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں اس کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں کلائمیٹ، زراعت اور سیف سٹیز کو مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے جبکہ اس مقصد کے لیے باقاعدہ محکمہ بھی قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے لاہور ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کا دورانیہ تقریباً 2 گھنٹے 15 منٹ ہوگا۔

سینئر وزیر پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، جبکہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی کلائمیٹ آبزرویٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔