اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو جلد از جلد مکمل اور ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے این آئی ٹی بی کو شہریوں کے لیے آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان سرکاری خدمات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ ادارے اس مقصد کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔
انہوں نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات کے حوالے سے اب تک کی اہم ترین پیش رفت میں شامل ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کا انتظام مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ مکمل کی جاچکی ہے اور اہم عہدوں پر تعیناتیاں شفاف طریقے سے کی جارہی ہیں۔ تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہوچکی ہیں جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی اس کے فروغ پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔






