امریکا نے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کو مشن مکمل ہونے کے بعد وطن واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی بحریہ کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن نے اپنا مشن کامیابی سے مکمل کرلیا ہے اور طیارہ بردار بحری جہاز جلد طے شدہ منصوبے کے مطابق امریکا واپس روانہ ہوگا۔
سینٹ کام نے یو ایس ایس ابراہم لنکن کے غیر فعال ہونے کی تردید کردی ہے۔
امریکی وزیرِ بحریہ کے مطابق مشن کے دوران یو ایس ایس ابراہم لنکن پر ذہنی صحت سے متعلق کئی کیسز کا علاج کیا گیا، تاہم جہاز پر کسی ہلاکت کی اطلاع ریکارڈ نہیں ہوئی۔
امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ طیارہ بردار بحری جہاز کی واپسی طے شدہ منصوبے کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن گزشتہ سال نومبر میں کیلیفورنیا سے بحیرہ جنوبی چین کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم فروری 2026 میں امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے قبل اسے مشرق وسطیٰ بھیج دیا گیا تھا۔
جہاز کی مشرق وسطیٰ میں تعیناتی مئی 2026 میں ختم ہونا تھی، تاہم اس کے بعد اس تعیناتی میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی۔





