ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی کے گھر سے افسوسناک خبر آ گئی ، مداح بھی سوگوار

لیونل میسی کے والد جارج میسی 68 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ اہلخانہ نے رائٹرز کو تصدیق کی کہ جارج میسی نے ارجنٹائن کے شہر روزاریو کے ایک طبی مرکز میں آخری سانس لی۔

جارج میسی اپنے بیٹے لیونل میسی کے فٹبال کیریئر میں انتہائی اہم کردار کے لیے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے کم عمری سے ہی میسی کا ساتھ دیا اور بارسلونا میں ان کے شاندار کیریئر کے آغاز میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ کئی سال تک اپنے بیٹے کے مینیجر اور مشیر بھی رہے۔

میسی نے ماضی میں اپنے والد کی رائے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہر میچ کے بعد اپنے والد سے پوچھتے تھے کہ انہیں ان کا کھیل کیسا لگا۔

جارج میسی کے انتقال پر دنیا بھر کے فٹبال کلبوں اور اداروں نے لیونل میسی اور ان کے خاندان سے تعزیت کی۔ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے تمام ڈویژنز کے میچز میں ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اور کھلاڑیوں، کوچز و ریفریز کی جانب سے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھنے کا اعلان کیا۔

بارسلونا نے بھی جارج میسی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لیونل میسی کے فٹبال کیریئر کے آغاز اور شاندار ترین برسوں میں کلب کے ساتھ اعتماد اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

جارج میسی کا انتقال لیونل میسی کے لیے ایک بڑا ذاتی نقصان ہے، کیونکہ وہ کئی دہائیوں تک اپنے بیٹے کے فٹبال سفر میں والد کے ساتھ ساتھ مشیر اور نمائندے کے طور پر بھی اہم کردار ادا کرتے رہے۔