سیکیورٹی فورسز کا ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،7 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن شہید

سکیورٹی فورسز نے ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے مسجد میں پناہ لی، جس پر سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ نتیجتاً 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں نارووال سے تعلق رکھنے والے کیپٹن حمزہ اکرم نے وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید افسر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان مادرِ وطن پر قربان کردی۔

ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔