یوم استحصال کشمیر, صدر اور وزیراعظم کا کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ , اہم پیغام جاری

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات غیر قانونی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جا سکتی، جبکہ کشمیری عوام نے تمام مشکلات کے باوجود حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے نتیجے میں ریاستی جبر میں اضافہ ہوا اور بنیادی آزادیوں کو محدود کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی پُرامن جدوجہد آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پُرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی آواز ہر علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر اٹھاتا رہے گا۔