اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شیخ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر دورہ سعودی عرب پر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
جدہ پہنچنے پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشال بن عبدالعزیز، سعودی عرب کے وزیرِ زراعت، پانی و ماحولیات انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلی سفارتی حکام نے وزیرِ اعظم وپاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم کی دورہِ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بھی دیں گے. نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔






