ممکنہ حملے ، سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا

سعودی عرب نے ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے وابستہ مسلح گروہ مملکت کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق عراقی ملیشیاؤں اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے ممکنہ حملوں کا خدشہ ہے، جبکہ انٹیلی جنس اداروں نے ڈرونز اور میزائلوں کی نقل و حرکت کا بھی مشاہدہ کیا ہے، جس کے بعد ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کی تنصیبات، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے باوجود ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ سفارتی رابطے جاری ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔