انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جان ٹرنر نے صرف 25 برس کی عمر میں تمام طرز کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
جان ٹرنر کا ہیمپشائر کے ساتھ معاہدہ ابھی دو سال باقی تھا، تاہم مسلسل انجری مسائل کے باعث انہوں نے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں پیدا ہونے والے ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی جانب سے دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کیں۔
وہ گزشتہ سال جون سے کمر میں اسٹریس فریکچر کے باعث کرکٹ سے دور تھے، جبکہ ماضی کی متعدد انجریز نے بھی ان کے کیریئر کو متاثر کیا۔
اپنے بیان میں جان ٹرنر نے کہا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا، تاہم انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اب زندگی کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کا یہی مناسب وقت ہے۔
انہوں نے ہیمپشائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلب نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا اور انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے۔
ہیمپشائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ نے جان ٹرنر کو باصلاحیت کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلب ان کی ریٹائرمنٹ پر افسردہ ہے، تاہم ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔






