آزاد کشمیر الیکشن 2026 کا دوسرا مرحلہ، مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں کل پولنگ ہوگی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں کل مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی میں پولنگ ہوگی، جہاں مجموعی طور پر 206 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

الیکشن حکام کے مطابق ضلع مظفرآباد کے 5، جہلم ویلی کے 2 اور نیلم کے 2 حلقوں سمیت مجموعی طور پر 9 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔

مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر بھی انتخاب ہوگا، جہاں 137 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ان نشستوں میں 6 کشمیر ویلی اور 6 جموں کی نشستیں شامل ہیں۔

مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 955 مرد اور 3 لاکھ 81 ہزار 666 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں کل 4 لاکھ 38 ہزار 777 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 2 لاکھ 47 ہزار 928 مرد اور 1 لاکھ 90 ہزار 849 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

الیکشن کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں 1,483 پولنگ اسٹیشن اور 2,219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 533 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 741 حساس جبکہ 209 پولنگ اسٹیشن نارمل قرار دیے گئے ہیں۔

مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 نشستوں کے لیے 1,057 پولنگ اسٹیشن اور 1,829 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جہاں سکیورٹی اور انتظامی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔