بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ویڈیو پیغام

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے حقِ حاکمیت کی کامل حمایت کی ہے۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ کشمیر کے عوام کو بالکل وہی حقوق دلوانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے ہر شہری کو میسر ہیں، اور ان میں سب سے بنیادی حق “حقِ حاکمیت” ہے۔ انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حقِ حاکمیت کا مقصد یہ ہے کہ آپ کے ووٹ اور فیصلے کا احترام کیا جائے اور جس کے حق میں عوام ووٹ دیں، فیصلہ بھی اسی کے مطابق آئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور اس کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کو خود کرنا چاہیے۔ مزید برآں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جن اداروں میں آزاد کشمیر کے پانی، بجلی اور بجٹ سے متعلق فیصلے کیے جاتے ہیں، وہاں کشمیر کی اپنی نمائندہ کرسی اور اپنی آواز ہونی چاہیے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 2 اگست کو حقِ حاکمیت کی خاطر “تیر” کے نشان پر مہر لگائیں، کیونکہ کشمیر کے تمام فیصلے خود کشمیر کے عوام ہی کریں گے۔