بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے 5 ایجنٹ دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار ، اہم انکشافات

لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے 5 ایجنٹس سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع جن میں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ شامل ہیں، 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے، جس میں 12 آئی ای ڈی بم، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان میں وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال اور جمشید سمیت دیگر شامل ہیں، جو شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

علاوہ ازیں، ترجمان نے بتایا کہ انہی دو ماہ کے دوران 13,572 کومبنگ آپریشنز کے تحت 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 1,193 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ادارہ ‘محفوظ پنجاب’ کے ہدف پر گامزن ہے اور دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔