مظفرآباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل ہونے والے قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین کی تمام 12 نشستوں کے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ نیلم اور جہلم ویلی کے تمام حلقوں میں پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے۔ مظفرآباد کے پانچ حلقوں میں بھی انتخابی سامان کی ترسیل آخری مرحلے میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ عملہ سخت سکیورٹی میں اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو چکا ہے اور پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ ووٹ کا کوئی متبادل نہیں، ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے، اسے دیانتدار اور اہل امیدوار کے سپرد کریں اور جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔






