لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے میرپور ڈویژن میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ پارٹی کارکنوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خدمت اور تعمیر و ترقی کی سیاست مسلم لیگ (ن) کا نصب العین ہے۔ محمد نواز شریف کے دور میں کشمیر میں بے پناہ ترقی ہوئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں دانش اسکول سمیت متعدد میگا پروجیکٹس شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے آبا و اجداد نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کی ہے اور انتخابی مہم کے دوران کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی آواز ہر جگہ سنائی دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان شاء اللہ آزاد کشمیر میں آنے والی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیر کاز کے لیے آواز اٹھائی اور عملی اقدامات کیے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم خدمت کے میدان میں کوئی بھی مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کا ہر دور ترقی کا دور رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض سازشی عناصر مہاجرین کی نشستوں پر سوالات اٹھاتے ہیں، تاہم مہاجرین کی نشستیں ہوں یا جموں و کشمیر کی نشستیں، مسلم لیگ (ن) واضح برتری حاصل کرے گی۔






