مظفرآباد (آئی این پی): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج 2 اگست کو ہونے والے انتخابات میں حقِ حاکمیت کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کو وہی حقوق دلانا چاہتے ہیں جو ہر پاکستانی شہری کو حاصل ہیں، جن میں سب سے اہم حقِ حاکمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقِ حاکمیت کا مطلب یہ ہے کہ عوام کے ووٹ اور فیصلے کا احترام کیا جائے اور جس امیدوار یا جماعت کو عوام منتخب کریں، نتیجہ بھی اسی کے مطابق سامنے آئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کی حکومت اور مستقبل سے متعلق فیصلے کشمیری عوام خود کریں اور انہیں اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا مکمل اختیار حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ان اداروں میں، جہاں کشمیر کے پانی، بجلی اور بجٹ سے متعلق فیصلے کیے جاتے ہیں، وہاں آزاد کشمیر کی اپنی نمائندگی اور اپنی آواز ہونی چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام سے بھرپور انداز میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حقِ حاکمیت کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں، کیونکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام ہی کریں گے۔






