جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی): امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، مہنگائی، بجلی، معیشت اور سیاسی صورتحال پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پیٹرول سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ایکس ریفائنری قیمت بھی زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جاتا ہے، لیکن کمی صرف چند پیسوں تک محدود رہتی ہے۔

انہوں نے پیٹرولیم لیوی کو “ظلم” اور “جگا ٹیکس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے روزمرہ استعمال کی تمام اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں اور حکومت سارا بوجھ عام آدمی پر ڈال رہی ہے۔ ان کے بقول دنیا کے دیگر ممالک ایسے حالات میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرتے ہیں، جبکہ پاکستان میں ہر معاملے کا جواز آئی ایم ایف پروگرام کو بنایا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کے بجائے نہ بنانے پر زیادہ اخراجات کیے گئے، جس کا بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی، اسی مقصد کے لیے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے، اگرچہ فوری حل نظر نہیں آ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام ہمارے اپنے ہیں، ثالثی کی بات کرنا غلط نہیں، تاہم آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

بلوچستان میں کوئلے کی کان کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات کا شدید فقدان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔

سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جا رہے، جبکہ سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کئی بار ملتوی کیے گئے۔ ان کے مطابق آئین پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا اور غیر ضروری معاملات کو زیر بحث لایا جا رہا ہے۔