آف سیزن کیمپ سے اسکلز میں بہتری آتی ہے، صائم ایوب

لاہور (آئی این پی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ آف سیزن میں کیمپ لگانے کا فائدہ ہوتا ہے، ایسے کیمپس سے بہتری آتی ہے اور اسکلز میں اضافہ ہوتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ وہ ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ اپنی تیاری بہترین رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی 20 اور ون ڈے کی کارکردگی کو الگ الگ دیکھنا چاہیے۔ اگر ٹی 20 میں پرفارمنس اچھی نہیں تھی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ون ڈے میں بھی اچھی کارکردگی نہیں ہوگی۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ان کا کبھی زیادہ برا وقت آیا ہے، انہوں نے ہمیشہ ٹیم کے لیے اچھا کھیلنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریشر ہمیشہ رہتا ہے، چاہے پرفارم کریں یا نہ کریں، تاہم اچھی کارکردگی کے لیے دباؤ بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔

صائم ایوب نے کہا کہ مداح انہیں آل راؤنڈر کہیں یا کچھ اور، وہ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت اور اپنے کردار کے مطابق کھیلتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ری ہیب جاری ہونے کے باعث انہوں نے کیمپ تاخیر سے جوائن کیا، تاہم وہ اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں، اگرچہ کیمپ کی کچھ سرگرمیاں مس ہو گئی ہیں۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ وہ مقابلے کے بارے میں نہیں سوچتے بلکہ صرف اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق کرکٹ بہت زیادہ ہو گئی ہے اور یہ ہر کھلاڑی پر منحصر ہے کہ وہ اپنے ورک لوڈ کو کس طرح منظم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سینئر کھلاڑیوں نے انہیں چھوٹے بھائی کی طرح رہنمائی فراہم کی ہے۔

صائم ایوب نے کہا کہ برا وقت وہ ہوتا ہے جب سہولتیں نہ ہوں، جبکہ ان کے پاس تمام سہولتیں موجود ہیں اور وہ ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔