لاہور (آئی این پی): پاکستانی فاسٹ بالر حارث رؤف کے لیے میجر لیگ کرکٹ (MLC) 2026 کا اختتام مایوس کن رہا، جبکہ ان کی ٹیم سان فرانسسکو یونیکورنز ایلیمینیٹر 2 میں واشنگٹن فریڈم کے ہاتھوں 7 رنز سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
واشنگٹن فریڈم نے 238 رنز کا ہدف کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ کپتان میتھیو شارٹ کی ناقابل شکست 121 رنز کی اننگز کے باوجود یونیکورنز 231 رنز تک محدود رہے۔
حارث رؤف کے لیے پلے آف مرحلہ خاصا مہنگا ثابت ہوا۔ انہوں نے کوالیفائر میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کے خلاف 4 اوورز میں 53 رنز دیے، جبکہ ایلیمینیٹر 2 میں واشنگٹن فریڈم کے خلاف بھی 4 اوورز میں 52 رنز خرچ کیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
پاکستانی فاسٹ بالر نے ٹورنامنٹ کے 10 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں، تاہم 37 اوورز میں 319 رنز دے کر ان کا اکانومی ریٹ 8.62 رہا، جس کے باعث وہ میجر لیگ کرکٹ 2026 میں کم از کم 30 اوورز کرانے والے فرنٹ لائن باؤلرز میں سب سے زیادہ رنز دینے والے باؤلر قرار پائے۔
اگرچہ حارث رؤف نے لیگ مرحلے میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کے خلاف 3/25، ایم آئی نیویارک کے خلاف 2/24 اور 1/13، جبکہ واشنگٹن فریڈم کے خلاف 2/27 جیسے مؤثر اسپیل بھی کیے، تاہم کئی مہنگے اسپیلز نے ان کی مجموعی کارکردگی کو متاثر کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






