وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے اپنی ٹرانسمیشن لائنز بچھانے پر کام جاری ہے۔
پشاور میں پبلک فنانشل منیجمنٹ اور ریونیو موبلائزیشن ریفارمز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبے کے لیے مختلف شراکت داروں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے صنعت کاری کو فروغ ملے گا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ٹیکس عائد کیے بغیر بہتر مالی انتظام کے ذریعے مقررہ ہدف سے زیادہ ریونیو حاصل کیا اور صوبے کی تاریخ میں 150 ارب روپے سے زائد آمدن ریکارڈ کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت میرٹ، اصلاحات اور شفافیت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اصلاحات کے تحت سرکاری فائلوں کی ڈیجیٹل ٹریکنگ کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ اہم عوامی خدمات کو آن لائن فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق رواں سال تمام صوبائی محکموں کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔




