ارجنٹائن کے مغربی صوبے سان خوان میں جنگلات کی آگ بجھانے کے مشن پر مامور ایک فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
صوبائی حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا بیل 412 ہیلی کاپٹر سان خوان کے ایشگوالاستو قدرتی پارک میں لگی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
سان خوان کے گورنر مارسیلو اوریگو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
گورنر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فائر فائٹرز، پولیس اہلکار اور سول پروٹیکشن کے عملے کے ارکان شامل ہیں۔
ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہیلی کاپٹر کا بدھ کی صبح بیس اسٹیشن سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر پڑوسی صوبے لا ریوجا جا رہا تھا، جہاں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی امدادی کارروائیوں میں حصہ لینا اس کا مشن تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔






