پنجاب میں اربوں مالیت کا الیکٹرک بس منصوبہ، ٹینڈر شرائط پر نیا تنازع سامنے آ گیا

پنجاب میں اربوں روپے مالیت کے الیکٹرک بس منصوبے کی ٹینڈر شرائط پر نیا تنازع سامنے آ گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق عالمی بس ساز کمپنیوں بی وائی ڈی، یو ٹونگ، کنگ لانگ اور ہائیگر نے ٹینڈر کی سخت شرائط پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان شرائط سے مسابقتی عمل محدود ہونے اور چند کمپنیوں کو فائدہ پہنچنے کا تاثر پیدا ہو رہا ہے۔

کمپنیوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینڈر کی شرائط میں نرمی کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی کمپنیوں کو منصوبے میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔

تاہم ذرائع کے مطابق پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے بیشتر اعتراضات مسترد کرتے ہوئے منصوبے کی موجودہ شرائط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت الیکٹرک بس منصوبہ موجودہ ٹینڈر شرائط کے مطابق ہی آگے بڑھایا جائے گا۔