امریکا کے سعودی افواج کیساتھ ملکر عراق میں ایران نواز گروپوں پرحملے، 20 ہلاک

امریکا اور سعودی عرب نے عراق میں ایران نواز مسلح گروہوں کے ٹھکانوں پر مشترکہ فضائی حملوں کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ حملوں میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق امریکی اور سعودی افواج نے عراق میں ایران سے منسلک گروہوں کے ان مراکز کو نشانہ بنایا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی ہدایات پر امریکی افواج اور سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔

سینٹ کام کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مشرقی عراق میں متعدد لاجسٹک مراکز اور اسلحہ کے ذخائر پر فضائی حملے کیے گئے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آئی آر جی سی کی ہدایت پر کیے گئے 30 سے زائد ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔

دوسری جانب سعودی وزارتِ دفاع نے بھی مشترکہ کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے حالیہ ڈرون حملوں کے جواب میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ مل کر کیے گئے۔ وزارت کے مطابق یہ اقدام بین الاقوامی قانون کے تحت حقِ دفاع کے اصول کے مطابق اٹھایا گیا۔

سعودی وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت مزید کشیدگی نہیں چاہتی، تاہم اگر مستقبل میں ایسے حملے دہرائے گئے تو اپنی خودمختاری، شہریوں اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ عراقی حکومت نے حملوں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔