فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بن گئیں

پاکستان کی خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

انہوں نے 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جورڈن ولسن کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جس کے ساتھ ہی ان کے لیے کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہو گیا۔

22 سالہ فاطمہ زہرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں راؤنڈز میں اپنی حریف پر برتری برقرار رکھی۔ پانچوں ججز نے مقابلہ ان کے حق میں فیصلہ دیا، جن میں چار نے 29-28 جبکہ ایک نے 30-27 کے اسکور سے انہیں فاتح قرار دیا۔ کامن ویلتھ گیمز کے فارمیٹ کے مطابق سیمی فائنل میں شکست کھانے والے کھلاڑی کو بھی کانسی کا تمغہ دیا جاتا ہے۔

پاکستان کی خواتین باکسنگ ٹیم نے 2016 میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر حصہ لیا تھا، اور ایک دہائی کے اندر یہ سنگ میل حاصل کرنا ملک میں خواتین باکسنگ کی ترقی کی اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

فاطمہ زہرا نے اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ مسلسل ترقی کر رہی ہے اور یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیم درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ گولڈ میڈل کے حصول کے لیے بھی بھرپور کوشش کریں گی۔

فاطمہ زہرا اب جمعہ کو سیمی فائنل میں کینیڈا کی میری باتھول الاحمدیہ کا سامنا کریں گی۔ کامیابی کی صورت میں وہ فائنل میں پہنچ کر سونے کے تمغے کے لیے مقابلہ کریں گی۔

دوسری جانب پاکستان کے مرد باکسرز ایونٹ میں نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ 60 کلوگرام مقابلے میں قدرت اللہ کو شمالی آئرلینڈ کے جوڈ گالاگھر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہونے والے آخری پاکستانی مرد باکسر بن گئے۔

گالاگھر نے مقابلے کے آغاز سے ہی برتری قائم رکھی۔ دوسرے راؤنڈ میں قدرت اللہ کے ایک پوائنٹ کی کٹوتی بھی ہوئی، جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ آخری راؤنڈ میں بھرپور کوشش کے باوجود وہ مقابلہ اپنے نام نہ کر سکے۔

اتھلیٹکس اور سوئمنگ میں بھی پاکستان کو کامیابی نہ مل سکی۔ 400 میٹر دوڑ میں محمد اسماعیل مجموعی طور پر 46 کھلاڑیوں میں 41ویں نمبر پر رہے، جبکہ تیراک حمزہ آصف 50 میٹر بٹر فلائی ہیٹس میں 70 میں سے 46ویں پوزیشن حاصل کر سکے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکے۔