انا للہ و انا الیہ راجعون ، اہم پی ٹی آئی رہنما فا-ئر-نگ میں جانبحق

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری عبداللہ طاہر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق چوہدری عبداللہ طاہر گلبرگ میں واقع اپنی رہائش گاہ سے معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، شواہد اکٹھے کیے گئے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

چوہدری عبداللہ طاہر کا شمار اوکاڑہ کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا انتخاب بھی لڑا تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے حملے کی وجوہات جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی جمع کر لیے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے چار گولیاں چلائیں۔ ان کے مطابق مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے تھا اور وہاں ان کی پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سات ماہ قبل بھی اوکاڑہ میں ان پر حملہ ہوا تھا، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔