آج کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کیا ہیں؟ جانئے مکمل تفصیل

پاکستان میں آج پیٹرول 335 روپے 81 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول ایک روپے 63 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے۔

محض 13 دنوں کے دوران حکومت پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 25 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 65 روپے فی لیٹر اضافہ کر چکی ہے۔

17 جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اس نظام کے تحت اوگرا روزانہ نئی قیمتوں کا تعین کرکے اپنی ویب سائٹ پر جاری کرتی ہے۔ پہلے ہی روز پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔

20 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں صرف دو بار معمولی کمی جبکہ پانچ مرتبہ اضافہ کیا گیا۔ 20 جولائی کو 35 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 21 سے 24 جولائی تک مسلسل چار روز قیمت میں اضافہ ہوا، جبکہ 27 جولائی کو ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ بعد ازاں 29 جولائی کو پیٹرول دوبارہ ایک روپے 63 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔

دوسری جانب 20 جولائی سے اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک بار بھی کمی نہیں کی گئی بلکہ مسلسل چھ مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف اوقات میں ہونے والے اضافوں کے بعد 29 جولائی کو بھی ڈیزل ایک روپے 55 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کر دیا گیا۔

حکام اور ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی بنیادی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور درآمدی لاگت میں اضافے کا اثر براہِ راست مقامی قیمتوں پر پڑ رہا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

close