فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق صرف ٹیکس سال 2026 پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکاندار اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اسکیم کے تحت دکانداروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس ادا کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس کو قابلِ ادائیگی ٹیکس سے منہا کیا جا سکے گا، تاہم اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔
اہل دکاندار آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ اس اسکیم کو اختیار کرنے والے دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں کیا جائے گا، تاہم غیر معمولی لین دین یا اسکیم کے غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جا سکے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس اسکیم سے مستفید ہونے والے دکانداروں کو پی او ایس (POS) سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ایف بی آر نے مزید کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے یا اسکیم کا انتخاب نہ کرنے کی صورت میں 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مشتمل “گرین پلیٹ” جاری کی جائے گی۔






