واشنگٹن (آئی این پی): امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ 12 اگست کو مکمل سورج گرہن ہوگا، تاہم اس نادر فلکیاتی منظر کا مشاہدہ دنیا کے صرف چند ممالک کے لوگ ہی کر سکیں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی اسپین اور پرتگال کے ایک محدود حصے میں مکمل سورج گرہن نظر آئے گا۔ اسپین میں یہ منظر سورج غروب ہونے کے وقت دکھائی دے گا، جو اسے مزید منفرد اور دلکش بنا دے گا۔
رپورٹ کے مطابق یورپ اور شمالی افریقا کے متعدد ممالک میں مکمل نہیں بلکہ جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا، جبکہ روس میں بھی مختلف علاقوں میں جزوی گرہن کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔
روسی علاقے تائیمیر پیننسولا میں جزوی سورج گرہن سورج طلوع ہونے کے وقت شروع ہوگا، جبکہ ملک کے دوسرے حصوں میں سورج غروب ہونے کے دوران جزوی گرہن دیکھا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق سورج غروب ہونے کے وقت گرہن کا نظارہ ایک نایاب فلکیاتی واقعہ ہے، اسی لیے رواں سال کا سورج گرہن غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
ناسا کے مطابق 12 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل سورج گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جبکہ یہ فلکیاتی مظہر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






