پشاور (آئی این پی): پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (گلاف) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گرم موسم اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے، جس سے گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کی صورت میں اچانک سیلاب اور تیز رفتار پانی کے بہاؤ کا خطرہ موجود ہے۔ اس پیش نظر اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، اپر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے، خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرانے اور محفوظ مقامات کی پیشگی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ادارے نے متعلقہ حکام کو نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے اجتناب کریں، جبکہ تیز بہتے پانی سے گاڑیاں گزارنے سے گریز کریں کیونکہ ایسی صورت میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا شدید خطرہ موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






