//

اقتدار کے ایوانوں میں ہلچل،اہم ملک کے صدر عہدے سے مستعفی، وجہ کیا بنی ؟ جانئے

بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے صحت کی خرابی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 76 سالہ محمد شہاب الدین اپریل 2023 سے صدر کے منصب پر فائز تھے، جبکہ ان کی پانچ سالہ آئینی مدت 2028 میں مکمل ہونا تھی۔ وہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے تھے اور اپوزیشن جماعتیں بھی کافی عرصے سے ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔

اپنے بیان میں محمد شہاب الدین نے بتایا کہ حالیہ طبی معائنے میں ان میں آٹونومک نیوروپیتھی کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کے مطابق اس بیماری کے باعث انہیں بعض اوقات اچانک مختصر مدت کے لیے ہوش کھونے کی کیفیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

صدر کے پریس سیکرٹری کے مطابق نئے صدر کے انتخاب تک قومی پارلیمان کے اسپیکر صدر کے فرائض انجام دیں گے۔ بنگلہ دیش کے آئین کے تحت اسپیکر حفیظ الدین احمد عبوری صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ آئندہ 90 دن کے اندر نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔

یہ استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقامی میڈیا میں یہ رپورٹس گردش کر رہی تھیں کہ محمد شہاب الدین نے رواں سال مئی میں علاج کے لیے برطانیہ کے دورے کے دوران بھارت میں موجود سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔ تاہم محمد شہاب الدین نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے استعفے کی واحد وجہ ان کی صحت ہے اور وہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close