//

ن لیگ کیجانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں، صدر پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین کا چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب، فوری کارروائی کا مطالبہ

 

مظفرآباد/ میرپور: صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ایک اور مکتوب ارسال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفاقی اور صوبائی وزراء کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینے اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مکتوب میں چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی اور صوبائی وزراء سرکاری پروٹوکول اور سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے انتخابی جلسوں، عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز میں شریک ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور دیگر سرکاری سہولیات سے متعلق اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں، جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی روح اور مساوی انتخابی مواقع کے اصول کے منافی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ سرکاری وسائل اور حکومتی اختیارات کا انتخابی مقاصد کے لیے استعمال نہ صرف انتخابی قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر بھی سنجیدہ سوالات جنم لے رہے ہیں، جو عوام کے انتخابی عمل پر اعتماد کو متاثر کر سکتے ہیں۔

صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ان مبینہ خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، متعلقہ حکام اور امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کا پابند بنایا جائے، اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت یا حکومتی عہدیدار سرکاری وسائل، سرکاری پروٹوکول یا ترقیاتی اعلانات کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز نہ ہو سکے۔

چوہدری محمد یاسین نے اپنے مکتوب میں اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر آئین اور قانون کے مطابق غیر جانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close