شام میں مسافر بس اور سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
حادثہ مشرقی شام میں دمشق روڈ پر السخنہ اور پالمیرا کے درمیان پیش آیا، جہاں مسافر بس اور سکیورٹی فورسز کی بس آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور متاثرہ بسوں کو کاٹ کر متعدد افراد کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے حمص کے ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شامی وزارت داخلہ کے مطابق ایک بس میں داخلی سکیورٹی فورسز کے اہلکار جبکہ دوسری بس میں عام شہری سوار تھے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ حکام نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





