پیرس، میڈرڈ (آئی این پی): فرانس اور اسپین میں شدید گرمی کی لہر کے باعث جنگلات میں لگنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں فرانس میں ڈیڑھ لاکھ جبکہ اسپین میں ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں جنگلات کی آگ کے باعث سیاحتی مقام کیپ فیرے سے مکمل انخلا کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ حکام کے مطابق 47 ہزار ایکڑ سے زائد جنگلات آگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، جبکہ 100 سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے فوج کو آگ بجھانے کی کارروائیوں میں بھرپور معاونت کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر جلد قابو پایا جا سکے۔
دوسری جانب اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے نواح میں جنگلات کی بڑی آگ کے باعث ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی قومی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ آگ سے 43 سے زائد مکانات تباہ ہو گئے ہیں، جبکہ میڈرڈ کے مغرب میں واقع پہاڑی علاقے سے 19 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 2 ہزار اہلکار اور 10 طیارے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک میں ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن تیزی سے جاری ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






