//

فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، مضرِ صحت آئل برآمد

گجرات (آئی این پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جی ٹی روڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے تاریخ کی سب سے بڑی غیر معیاری آئل کی کھیپ پکڑ لی۔ کارروائی کے دوران 60 لاکھ روپے مالیت کا 15 ہزار کلوگرام چربی سے تیار کردہ گھی اور آئل قبضے میں لے کر ٹرانسپورٹ گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیٹ رینڈرنگ آئل کو ایک رجسٹرڈ ایڈیبل آئل گاڑی میں خفیہ طور پر چھپا کر سپلائی کیا جا رہا تھا۔ موقع پر کیے گئے فیلڈ ٹیسٹ میں آئل میں خطرناک میٹانیل ڈائی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ضبط کی گئی اس بڑی کھیپ سے لاکھوں لیٹر مضرِ صحت کوکنگ آئل اور گھی تیار کیا جانا تھا، جو شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا تھا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ آلائشوں اور جانوروں کی چربی سے تیار کردہ یہ آئل صرف بائیو ڈیزل یا صابن سازی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اسے کھانے کے آئل میں تبدیل کرنا قانوناً سنگین جرم ہے۔

فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں تھانہ صدر گجرات میں گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close