//

نواز شریف آزاد کشمیر کے انتخابی میدان میں اترنے کے لیے تیار

مظفرآباد (آئی این پی): آزادکشمیر میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف آج (منگل کو) مظفرآباد اور جمعہ کو میرپور میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے انتخابی مہم تیز کرتے ہوئے باقاعدہ انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پارٹی قائد نواز شریف خود انتخابی میدان میں اتریں گے۔

شیڈول کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف آج مظفرآباد جبکہ جمعہ کو میرپور آزادکشمیر میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ دونوں شہروں میں جلسوں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور کارکنوں میں شدید جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام انتخابی مہم اور جلسوں کے انتظامات کی نگرانی کے لیے متحرک ہیں۔ انہوں نے میرپور کا دورہ کیا، جہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری سعید سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران 24 جولائی کے جلسے کی تیاریوں، کارکنوں کی سرگرمیوں اور مجموعی انتخابی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انجینئر امیر مقام نے جلسہ گاہ کا دورہ بھی کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہی ہے، جبکہ آزادکشمیر کے کارکنان اپنے قائد نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

میرپور کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد وفاقی وزیر امیر مقام مظفرآباد پہنچ گئے، جہاں وہ آج کے جلسے کے سلسلے میں مقامی قیادت اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے اہم مشاورتی ملاقاتیں کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے یہ دورے آزادکشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی پوزیشن مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close