اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا یومیہ نظام منظور کر لیا، جس کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں گزشتہ سات کاروباری دنوں کی اوسط عالمی قیمت کے مطابق مقرر کی جائیں گی، جبکہ قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے نرخوں کی بنیاد پر ہوگا۔
نئے نظام کے تحت قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی، بلکہ اوگرا خود روزانہ قیمتوں کا اعلان کرے گا۔
اوگرا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو گزشتہ اعلان کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی، جبکہ یکم جولائی 2026 سے روزانہ پلاٹس ریفرنس قیمتیں بھی اپنی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ پیٹرولیم لیوی کی شرح میں تبدیلی صرف فنانس ڈویژن کی منظوری سے ممکن ہوگی۔
مالی سال 2027 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پی ایس او کے ذریعے ہوگی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے مارکیٹ شیئر کے مطابق پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ درآمد یا اپ لفٹمنٹ میں ڈیفالٹ کرنے والی کمپنی کو 9 ماہ تک نئی درآمدی اجازت نہیں ملے گی۔
اسی طرح مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
وفاقی کابینہ نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ نئے پرائسنگ میکانزم پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





