//

خبردار!!! گوگل کا صارفین کو عرصے سے دستیاب مفت سہولت ختم کرنیکا اعلان

گوگل نے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں ایک نئی تبدیلی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب اینڈرائیڈ فونز کا بیک اپ ڈیٹا بھی گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں شمار کیا جائے گا۔

اس سے قبل گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں گوگل فوٹوز کی فائلز، گوگل ڈرائیو کا ڈیٹا اور جی میل کی ای میلز شامل کی جاتی تھیں، تاہم نئی پالیسی کے بعد اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، ایپ ڈیٹا، ایس ایم ایس پیغامات اور کال ہسٹری بھی اسٹوریج کا حصہ بن جائیں گے۔

گوگل نے صارفین کو ای میلز کے ذریعے اس تبدیلی سے آگاہ کرتے ہوئے 45 دن کا نوٹس دیا ہے، تاکہ وہ اپنی اسٹوریج کا جائزہ لے سکیں اور بیک اپ سیٹنگز کو اپنی ضرورت کے مطابق تبدیل کر سکیں۔

کمپنی کے مطابق صارفین کو بیک اپ ڈیٹا پر زیادہ کنٹرول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ منتخب کر سکیں کہ کون سا ڈیٹا اور کون سی ایپس کا بیک اپ محفوظ رکھنا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اوسطاً یہ بیک اپ تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج استعمال کر سکتا ہے۔

گوگل نے خبردار کیا ہے کہ اگر اکاؤنٹ کی اسٹوریج مقررہ حد سے تجاوز کر گئی تو صارفین کو غیر ضروری ڈیٹا حذف کرنا ہوگا یا اضافی اسٹوریج کے لیے معاوضہ ادا کر کے پلان حاصل کرنا ہوگا۔

یہ تبدیلی گوگل کی جانب سے اسٹوریج پالیسیوں میں کی جانے والی حالیہ ترامیم کا حصہ ہے، جن کا مقصد اکاؤنٹ اسٹوریج کے استعمال کے طریقہ کار کو مزید منظم کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close