آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور نے ہلاں اور بھیڈی کا انتخابی دورہ کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
فیصل ممتاز راٹھور جب ہلاں پہنچے تو اہلیانِ علاقہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ کارکنوں نے پارٹی پرچم لہرا کر اور “جئے بھٹو، جئے بلاول، جئے فیصل” کے فلک شگاف نعروں سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ حویلی کے آخری گاؤں تک اس لیے آئے ہیں تاکہ عوام تک ترقی، خوشحالی اور خدمت کا پیغام پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاں ہمیشہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ رہا ہے، یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ میرے والد محترم کے ساتھ وفاداری نبھائی اور بعد ازاں مجھ پر بھی بھرپور اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ عوام کے تعاون سے دوبارہ حکومت بنا کر ہلاں کو سیاحت کا اہم مرکز بنایا جائے گا، دریں اثناء وزیراعظم کا قافلہ جب بھیڈی پہنچا تو عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور آئندہ انتخابات میں فیصل ممتاز راٹھور کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام نے ترقی، خدمت اور عوامی سیاست کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ مخالفین کی منفی سیاست کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد صرف انتخابات جیتنا نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے۔ ان شاء اللہ حکومت بننے کے بعد حویلی کے تمام پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، صحت اور تعلیم کی سہولیات بہتر بنائی جائیں گی اور عوام کے ہر مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، کارکردگی اور بلاول بھٹو زرداری کے عوامی منشور پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی محبت اور اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے اور حویلی کو ترقی، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔مقررین نے اس موقع پر کہا کہ حویلی کے عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے فیصل ممتاز راٹھور انتخاب جیت چکے ہیں اب 27 جولائی کو صرف رومی کارروائی باقی ہے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






