اسلام آباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے قافلے پر شرپسند عناصر کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے حملے میں جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں پر حملے کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے واقعات جمہوری روایات، قانون کی حکمرانی اور ریاست کے پرامن ماحول کے منافی ہیں۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شرپسند عناصر کو آزاد جموں و کشمیر کا پرامن ماحول خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






