//

تباہ کن ڈرون حملے

ایرانی حملوں سے کویت میں مادی نقصان، بحرین میں بھی حملوں کی اطلاعات

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب امریکا کی جانب سے ایرانی اہداف پر حملوں کے بعد ایران کی طرف سے کویت پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ کویت کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں ملک میں بعض مقامات پر مادی نقصان ہوا ہے۔

کویتی وزارت دفاع کے مطابق ایرانی ڈرونز کی متعدد لہروں نے ملک میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ دفاعی نظام کی کارروائی کے دوران مار گرائے گئے ڈرونز کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرا، جس سے کچھ نقصان ہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ جمعرات کی صبح سے کویت کی فضائی حدود میں 32 مبینہ “دشمن ڈرونز” کو روکا گیا۔ دوسری جانب بحرین کی افواج نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملک ایک بار پھر ایرانی فضائی حملوں کا نشانہ بنا۔

ایرانی حکام کے مطابق کویت کے علی السالم فضائی اڈے پر ریڈار نظام، فضائی دفاعی تنصیبات اور ایندھن ذخیرہ کرنے کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ تہران کا کہنا ہے کہ بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا۔

دوسری جانب امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی رات 11 بجے ایران پر نئے حملے شروع کیے گئے۔ اس وقت تہران میں رات کے ساڑھے 9 بج رہے تھے۔ بعد ازاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایران کی جانب سے خطے کے کسی اور ملک پر حملے کی مزید کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close