//

ن لیگ کی انتخابی سرگرمیاں ،نواز شریف کے جلسوں کا شیڈول جاری

آزاد کشمیر انتخابات، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے دورے کا شیڈول طے کر لیا

آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کے دورۂ آزاد کشمیر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت وہ 21 جولائی کو مظفرآباد جبکہ 24 جولائی کو میرپور میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ انتخابی دورے میں شریک ہوں گی۔ انتخابی مہم کے انتظامات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے اہم رہنما مظفرآباد پہنچ گئے ہیں، جن میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، انجینئر امیر مقام، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، ایم پی اے اسامہ لغاری اور الیکشن رابطہ سیل کے سینئر رکن راجہ نادر امتیاز شامل ہیں۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے مرکزی قیادت کا استقبال کیا، جہاں انتخابی جلسوں اور مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں انتخابی حکمت عملی، جلسوں کے شیڈول، امیدواروں سے رابطوں اور انتخابی مہم کو مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز ثاقب مجید راجہ، نورین عارف اور عبدالرحمان آرائیں بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق دورۂ آزاد کشمیر کے دوران میاں نواز شریف امیدواروں، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور انتخابی مہم چلانے اور عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close