مون سون خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
مون سون سیزن کے دوران ممکنہ قدرتی آفات کے پیش نظر وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
حکام کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں قدرتی آفات کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ غیر معمولی بارشوں، فلیش فلڈ، دریائی طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے جیسے واقعات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
سرکاری حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے تمام 37 اضلاع میں مون سون ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ خطرات کے جائزے کے بعد 11 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کے امکانات زیادہ ہیں۔
حکام کے مطابق خطرناک علاقوں کی نشاندہی مکمل کر کے ضلعی ہنگامی منصوبوں کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے اور انہیں صوبائی نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم میں بھی تیزی لائی گئی ہے جبکہ رضاکاروں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔
ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے انخلا کے راستوں، امدادی مراکز، ریسکیو آلات، مواصلاتی نظام اور ضروری مشینری کو تیار رکھا گیا ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اور ضلعی انتظامیہ کو بھی مسلسل رابطے میں رہنے اور صورتحال کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






