ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہوں، ارشد ندیم

لاہور: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وہ کامن ویلتھ گیمز میں ایک بار پھر تاریخ دہرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ارشد ندیم آج بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں وہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔

پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں آخری ٹریننگ سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور بڑے ایونٹ سے پہلے کسی ایک بین الاقوامی مقابلے میں شرکت ان کی معمول کی حکمت عملی ہے، جس سے اپنی فارم اور طاقت کا اندازہ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، جہاں انہوں نے ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی اسی اعتماد کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، تاہم چار سال سے چیمپئن ہونے کے باعث اچھی کارکردگی دکھانے کا دباؤ بھی موجود ہے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ ان کا اصل مقابلہ ہمیشہ خود اپنے ساتھ رہا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے کھلاڑی کی اچھی کارکردگی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بار مقابلہ سخت ہوگا، لیکن وہ اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میدان میں دباؤ ہمیشہ ہوتا ہے، مگر اصل کامیابی اسی دباؤ کو قابو میں رکھنے میں ہے۔ ان کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کا اعزاز ان کے کیریئر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس کے لیے براہِ راست کوالیفائی کیا، اور انہوں نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں مکمل فٹ رکھے تاکہ وہ پہلے کی طرح بہترین تھرو کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close