پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے اور اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیش گوئی کے دوران تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
چترال اپر و لوئر، دیر اپر و لوئر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس اور تورغر میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی اور بنوں میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 59 ملی میٹر بارش کاکول میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ باجوڑ میں 29 ملی میٹر، مالم جبہ میں 13 ملی میٹر، بنوں میں 12 ملی میٹر، دیر اور کالام میں 7، 7 ملی میٹر، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 5، 5 ملی میٹر اور پشاور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ، چترال میں 38، پشاور میں 36، بنوں میں 34، مالم جبہ میں 34 اور کالام میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






