طوفانی بارشیں،لینڈسلائیڈنگ، 44 افراد جاں بحق،متعدد لاپتہ

بنگلا دیش میں شدید مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 44 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

شدید متاثرہ علاقوں میں چٹوگرام، کاکس بازار، بندربن، رنگامٹی، کھاگڑاچھڑی، مولوی بازار اور حبی گنج شامل ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث متعدد سڑکیں اور پل تباہ ہو گئے، ہزاروں مکانات زیرِ آب آ گئے، جبکہ امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق تقریباً 2 لاکھ 68 ہزار گھرانے سیلاب سے براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ بنگلا دیش کی فوج، بحریہ اور دیگر امدادی ادارے کشتیوں کے ذریعے متاثرہ اور دور دراز علاقوں میں خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

کاکس بازار میں قائم روہنگیا پناہ گزین کیمپ بھی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں، جہاں متعدد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث مزید مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ موجود ہے، جس کے پیشِ نظر خطرناک علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔