آپریشن شعبان؛ مزید 9 خوارج ہلاک، مارے گئے دہشتگردوں کی تعداد کیا ہوگئی؟ جانئے

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف ایک بار پھر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 9 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں چھپے دہشتگردوں کو نشانہ بنانے کے لیے زمینی دستوں کے ساتھ فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں، جن میں ہیلی کاپٹروں اور فضائیہ کی مدد سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور بلوچستان پولیس کی جانب سے صوبے کے مختلف پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں ’’آپریشن شعبان‘‘ کے تحت جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان میں اب تک ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک مختلف سیکیورٹی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 88 خوارج دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ آپریشن جولائی 2026 کے آغاز میں بلوچستان کے ضلع زیارت میں مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

اس حملے کے بعد حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا، جس کا مقصد کالعدم تنظیموں اور عسکریت پسندوں کا مکمل صفایا کر کے علاقے میں امن و امان بحال کرنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close