وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن عمر نذیر کشمیری کی جانب سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے خلاف استعمال کی گئی غیر مہذب، اشتعال انگیز اور توہین آمیز زبان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مہذب، جمہوری اور اسلامی معاشرے میں اختلافِ رائے کی آڑ میں گالم گلوچ، کردار کشی اور مذہبی و تاریخی شخصیات کے ناموں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہرگز قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے خلاف غیر شائستہ زبان کا استعمال سیاسی دیوالیہ پن کا مظہر ہے اور اس سے معاشرے میں نفرت، انتشار اور عدم برداشت کو فروغ ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم اختلاف کو دلیل، شائستگی اور آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے پیش کیا جانا چاہیے، نہ کہ اشتعال انگیز اور نفرت آمیز زبان کے ذریعے۔
سید عزادار حسین کاظمی نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، جس نے ابتدا میں عوامی حقوق کی جدوجہد کے نام پر ہمدردیاں حاصل کیں، اب ایسے عناصر کے زیر اثر دکھائی دیتی ہے جو ریاستی اداروں، پاکستان اور افواجِ پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی موجودگی کسی بھی عوامی تحریک کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے اور اس کے حقیقی مقاصد پر سوالات کھڑے کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ان عناصر کے مؤقف پر دلیل اور حقائق کی بنیاد پر تنقید کی جاتی ہے تو وہ منطقی جواب دینے کے بجائے گالم گلوچ، دھمکیوں اور کردار کشی کا سہارا لیتے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کے پاس اپنے مؤقف کے حق میں مضبوط دلائل موجود نہیں۔
سید عزادار حسین کاظمی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ہمیشہ آئین، قانون اور جمہوری روایات کے مطابق عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل، ریاست کی ترقی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے نہ حکومت کے عزم کو کمزور کر سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے اعتماد کو متزلزل کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






