ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے نوجوانوں میں کیفین والے مشروبات کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر اسکولوں کے قریب ہائی انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئے فیصلے کے تحت ریاست بھر میں اسکولوں کے 500 میٹر کے دائرے میں ہائی انرجی ڈرنکس فروخت نہیں کی جا سکیں گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ریاستی اسمبلی میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے وزیر نرہری زروال نے بی جے پی رہنما وکرم پچپوتے کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے بعد کیا۔
ایوان میں وکرم پچپوتے نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض مقبول انرجی ڈرنکس اسکول جانے والے بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان میں موجود کیفین انہیں نشے جیسی عادت میں مبتلا کر سکتی ہے۔
اس کے بعد وزیر نرہری زروال نے اعلان کیا کہ ریاست کے تمام اسکولوں کے اطراف 500 میٹر کے دائرے میں نہ صرف منشیات بلکہ ہائی انرجی ڈرنکس کی فروخت پر بھی پابندی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ طلبہ کی صحت کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






