اسلام آباد: محکمہ موسمیات کی تازہ ہائیڈرولوجیکل رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے اور فی الحال کسی بھی خطرناک صورتحال کا خدشہ نہیں، تاہم بالائی علاقوں میں 7 سے 10 جولائی کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز شمالی علاقوں پر موجود مغربی ہواؤں کا سلسلہ مشرق کی جانب منتقل ہو گیا، جبکہ کم دباؤ کا ایک نظام شمال مغربی بلوچستان پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت کی ریاست اوڈیشہ کے شمال مشرق میں موجود کم دباؤ کا علاقہ مزید شدت اختیار کرتے ہوئے مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جھارکھنڈ پہنچنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج، راوی اور چناب کے بالائی طاسوں، کشمیر اور پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ، نارووال، قصور اور لاہور میں بارش اور گرج چمک کی توقع ہے، جبکہ ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
اگلے 48 گھنٹوں میں دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم کے بالائی طاسوں، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور پنجاب کے اضلاع اٹک، بھکر، چکوال، گجرات، جہلم، خوشاب، میانوالی، راولپنڈی اور سرگودھا میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
ہفتہ وار پیش گوئی کے مطابق 7 سے 10 جولائی کے دوران تمام بڑے دریاؤں کے بالائی طاسوں، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جس کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ کے بالائی اور زیریں حصوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1476.04 فٹ اور منگلا ڈیم میں 1165.20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






