ایک لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے محنت کش طبقے کے بچوں کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مزید ایک لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت دینے کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی چودھری سالک حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق محنت کش خاندانوں کے مزید ایک لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ معاشی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، کسی مخصوص طبقے کی مراعات نہیں۔ حکومت اس اصول پر کاربند ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو بھی وہی تعلیمی مواقع میسر ہوں جو معاشرے کے دیگر طبقات کو حاصل ہیں۔

چودھری سالک حسین نے واضح کیا کہ محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ محنت کش خاندانوں کو تعلیم سمیت دیگر فلاحی سہولتیں بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم دراصل پاکستان کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جبکہ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کیا جا سکے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محنت کش طبقے کی فلاح اور ان کے بچوں کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close