پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے جمعیت علمائے اسلام (ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے عشر، زکوٰۃ و سماجی بہبود اور حلقہ ایل اے-23 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار محمد حسین بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سردار محمد حسین نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے فیصلے کے مطابق حلقہ ایل اے-23 سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مولانا سعید یوسف کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور ان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے سردار محمد حسین کی جانب سے دستبردار ہونے اور اپنی حمایت کا اعلان کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، بالخصوص فریال تالپور، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی تعاون آئندہ انتخابات میں مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔
ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما چوہدری ریاض بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






